لاہور: (کرائم ڈیسک) میاں بیوی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، سگا بھائی ہی قاتل نکلا، ملزم کو اسکی بھابھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
نشتر کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے ملزمان علی حسن اور اس کی بھابھی کلثوم کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقتول عمران اور فرزانہ نے پسند کی شادی کی تھی، جس کا فرزانہ کے بھائی علی حسن کو رنج تھا، ملزمان نے مقتولین کو نشہ آور گولیاں کھلائیں اور بعد ازاں سر میں لوہے کے راڈ مار مار کر قتل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان نے سنگین واردات کے بعد نعشیں کیمیکل کے ڈرموں میں ڈال کر پھینک دی تھیں، ملزمان ضلع شیخوپورہ کے رہائشی ہیں اور شیخوپورہ میں قتل کے بعد نعشیں لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں پھینک دیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کو گرفتارکر کے آلہ قتل سریا راڈ برآمد کر لیا گیا۔
ایس ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔