کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے عملے نے بلوچستان سے کراچی پہنچنے والے خالی کنٹینر کے اسپیئر وہیل سے 70 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔
کسٹمز حکام کے مطابق انہوں نے گزشتہ شب کراچی میں نادرن بائی پاس کے کچے کے علاقہ دیہہ مائی گاڈی سے گزرنے والے ہینو ٹرالر نمبر جے وی 3781 کو شک کی بنیاد پر روک کر تلاشی لی تو اس پر خالی کنٹینر لوڈ تھا۔
حکام کے مطابق عملے نے ٹرک کی تفصیلی جانچ پڑتال کی اور ٹرک کے ٹول باکس کے حصہ میں موجود اسپیئر وہیل کو چیک کیا تو اس میں سے چرس کے 57 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا کل وزن 70 کلو گرام اور مالیت 1 کروڑ 5 لاکھ روپے ہے۔
حکام کے مطابق کسٹمز نے برآمد شدہ چرس اور ٹرالر کو ضبط کر لیا اور ٹرک پر سوار 2 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف انسداد منشیات اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔