اسلام آباد میں سٹریٹ کرمنلز کو پکڑنے کی کوشش میں پولیس اہلکار بیٹے سمیت شہید

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے بیٹے کے ہمراہ اپنے گھر واپس جارہا تھا

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سٹریٹ کرمنلز کو پکڑنے کی کوشش میں پولیس اہلکار بیٹے سمیت شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ رمنا کے علاقہ میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کنسٹیبل محمد اشرف اور ان کا بیٹا فائرنگ سے شہید ہوگیا، ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے بتایا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے بیٹے کے ہمراہ اپنے گھر واپس جارہا تھا کہ اس دوران راہزنوں کو واردات کرتا دیکھ کر شہید ہیڈ کنسٹیبل نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی اس دوران تین نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی شناخت اشرف اور ان کے بیٹے کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی جب کہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار اور اس کے بیٹے کی لاش کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا جب کہ آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔

بتایا جارہا ہے کہ حالیہ دنوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے ساتھ متصل جڑواں شہر راولپنڈی میں سٹریٹ کرائمز میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھیننے کے واقعات نسبتاً زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے صحافی بھی ڈاکوؤں کا نشانہ بنے اور اپنے موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے۔