زخمی تاجروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل‘ پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش میں شہر بھر میں ناکہ بندی کردی
رحیم یار خان ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہر رحیم یار خان میں ڈاکوؤں نے تاجروں سے 18 کروڑ روپے کا سونا چھین لیا۔ رپورٹس کے مطابق رحیم یارخان میں 6 ملسح ڈاکو صرافہ مارکیٹ کے تاجروں سے 18 کروڑ روپے سے زائد کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے، یہ واقعہ تھانہ سٹی کے علاقے سکول بازار میں پیش آیا جہاں پر6 مسلح ڈاکو بیوپاریوں سے سونے سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی کی اس واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے تاجروں کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کردیا، زخمی تاجروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، جن سے چھینے گئے سونے کی مالیت تقریباً 18 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں اور ڈاکوؤں کی تلاش میں شہر بھر میں ناکہ بندی کردی۔
جبکہ ایک اور واقعہ میں کراچی کے علاقہ اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر میں 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی اور 80 تولہ سونا لوٹنے میں ضلع ساؤتھ پولیس کے افسران کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی، ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں، 34 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں پولیس چھاپے کو ڈکیتی قرار دے دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس زیرتربیت ڈی ایس پی عمیر طارق اور دیگر اہلکاروں نے ڈکیتی کی، یونیفارم میں ملبوس 2 اہلکاروں اور 5 پرائیوٹ افراد نے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے، 70 تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹا اور اور 70 تولے سونا اسکول بیگ میں رکھ کر ڈی ایس پی دفتر لے جایا گیا، ڈکیتی کے وقت زیر تربیت ڈی ایس پی خود گھر کے باہر موجود تھے۔
رپورٹ میں ڈی ایس پی نے بیان دیا کہ ایس ایس پی عمران قریشی کی جانب سے بھیجے گئے مخبروں کی اطلاع پر چھاپہ مارا، گھر کے اندر چھاپے کو ایس ایس پی ساؤتھ کے دیے پرائیوٹ افراد لیڈ کررہے تھے، اورنگی ٹاؤن میں 19 نومبر کو پولیس کی وردی میں ملبوس ملزمان کی ڈکیتی کے واقعے میں متاثرہ فیملی کو ڈی آئی جی آفس میں متاثرہ خاندان اور مبینہ ملزم اہلکاروں سے تفتیش کے بعد اہل خانہ کو 70 فیصد سامان لوٹا دیا۔