نامعلوم ملزمان کا خاتون ٹیچر کو اغوا کرنے کے لیے اسکول وین پر حملہ

خاتون کے شور کرنے پر تین ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ گئے

مظفرآباد (کرائم ڈیسک) نامعلوم ملزمان نے خاتون ٹیچر کو اغوا کرنے کے لیے اسکول وین پر حملہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے گھڑی دوپٹہ میں تین نامعلوم افراد نے اسکول وین پر حملہ کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق تین افراد نے خاتون ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔خاتون کے شور کرنے پر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ گئے۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم کو تعاقب کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ملزم سے اسلحہ ، خنجر اور گاڑی ضبط کر لی گئی ہے۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔گرفتار ملزم سے پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
تاحال واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

ادھر شہر قائد کراچی میں نامعلوم کار سواروں نے بی بی اے کے طالب علم کو اغواء کر لیا ہے۔اغواء کی واردات کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں ہوئی جہاں نامعلوم کار سوار ملزمان طالب علم وجاہت ندیم کو مبینہ طور پر اغواء کر کے لے گئے، اغوائ کا مقدمہ مغوی وجاہت ندیم کی بہن وجیہہ ندیم ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جٹ لائن کے امام بارگاہ حسینی کے قریب پرائیویٹ کار میں سوار 4 مسلح افراد نے میرے بھائی کو اغوا کیا، والدہ کے نمبر پر سوشل میڈیا کے ذریعے اغواء کار رابطہ کر رہے ہیں، اغواء کاروں نے بھائی کی ویڈیو بھی ارسال کی ہے۔
مغوی کی بہن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ویڈیو میں وجاہت کی آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی ہے، اغوا کاروں کی جانب سے 50 ہزار امریکی ڈالر بٹ کوائن کے ذریعے طلب کئے جا رہے ہیں، پولیس نے مقدمہ تفتیش کیلئے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل یونٹ کو منتقل کر دیا۔