کراچی کے علاقے صدر میں پولیس افسر کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر نامعلوم چور سرکاری پستول لے اڑا، پولیس افسر مسجد سے نماز پڑھ کر باہر نکلا تو واقعے کا علم ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) شاہد خٹک صدر کے علاقے میں سندھ ہائیکورٹ کے قریب قائم مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے رکا تھا جب وہ واپس آیا تو اس کی گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا ملا۔
گاڑی کے اندر جب اس نے دیکھا تو اس کا سرکاری نائن ایم ایم پستول اور کچھ نقدی بھی غائب تھی، واقعے سے فوری طور پر متعلقہ تھانے کو آگاہ کیا گیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اے ایس آئی شاہد خٹک ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں تعینات ہے، آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں ۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔