لاڑکانہ: (نیوز ڈیسک) سیپکو حکام نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے شہداد کوٹ کے اڑھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔
قبو سعید خان تھانے میں لائن سپرنٹنڈنٹ خادم سیلرو کی مدعیت میں بھورل ولد عبدالغفور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم بھورل کی عمر کا پولیس کو پتہ چلا، ورثاء کے مطابق بھورل کی عمر اڑھائی سال ہے، سیپکو حکام اور پولیس سب مقدمہ درج ہونے کے بعد پریشان ہوگئے۔
پولیس ملزم کو گرفتار کرے یا کیس کینسل، تاحال کوئی فیصلہ نہ کیا جاسکا، لائن سپرنٹنڈنٹ نے کٹائی گئی ایف آئی آر میں کہا کہ اپنے سٹاف کے ساتھ گاؤں خادم سیلرو گیا جہاں بھورل کے گھر چوری کی بجلی چل رہی تھی، کنڈا کنکشن منقطع کرکے ایس ڈی او شہدادکوٹ کو اطلاع دی۔
ایس ڈی او شہداد کوٹ کی جانب سے لکھے گئے لیٹر کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا، مقدمہ نمبر 79/2023 دفعہ 462 کے تحت قبو سعید خان تھانے میں درج کیا گیا۔