ترنول، موضع بڈھانہ کلاں، لینڈ مافیا کا درگاہ و قبرستان کی قیمتی اراضی پر قبضہ، حالات کشیدہ

تھانہ ترنول کی حدود میں واقع درگاہ شاہ شمس اور قبرستان کی اراضی پر قبضہ مافیا ظہیر الدین اور ناصر علی وغیرہ کا قبضہ کرنے کی کوشش— ملزمان گلفام حسین شاہ، اختر حسین شاہ، صفدر حسین شاہ، اکرام حسین شاہ وغیرہ نے نشاندہی شدہ اور فرد بدر جاری شدہ اراضی فروخت کر دی

مافیا نے نوٹ لگاکر حلقہ پٹواری شہزاد اور اس کے منشی عمر، ممتاز اور قمر کو خرید لیا، لینڈ اینڈ ریونیو ریکارڈ میں ہیرا پھیری کی، درخواست گزار—انتظامیہ قبضہ مافیا سے خانقاہ و قبرستان کی اراضی کو واگزار کرائے، ملزمان کو نہ روکا گیا تو نقص امن کا شدید خطرہ لاحق ہے، متولی خانقاہ ابراہیم

اسلام آباد (کرائم ڈیسک) تھانہ ترنول کی حدود موضع بڈھانہ کلاں میں درگاہ شاہ شمس اور قبرستان کی اراضی پر قبضہ مافیا کے کارندوں کا قبضہ کی کوشش، مقامی عدالت سے حکم امتناعی کے باوجود مافیا نے ٹریکٹر اور ایکسویٹر لگاکر نہ صرف زمین کو ہموار کرنا شروع کر دیا بلکہ عدالتی احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔ متولی خانقاہ شاہ شمس نے پولیس تھانہ ترنول کو تحریری درخواست دے دی ہے۔ موضع بڈھانہ کلاں اسلام آباد میں واقع خانقاہ شاہ شمس کے متولی محمد ابرہیم عباسی نے پولیس تھانہ ترنول کو تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سائل خانقاہ شاہ شمس کا متولی ہوں اور خانقاہ شریف کی اراضی نگرانی و انہرام کمیٹی کے تحت خدمات سر انجام دے ریا ہوں۔ رقبہ خانقاہ شریف شاہ شمس خسرہ نمبر 1297 قبرستان پانچ کنال گیارہ مرلے اور خسرہ نمبر 1298 خانقاہ شریف پندرہ کنال پانچ مرلے جوکہ کل رقبہ 20 کنال 16 مرلے بنتا ہے۔ سائل چند روز قبل شہر سے باہر گیا ہوا تھا۔ مورخہ 19 نومبر 2023 کو دن تقریباً دو بجے واپس خانقاہ پر آیا تو دیکھا خانقاہ کی اراضی کی ہیئت تبدیل کی جاچکی تھی۔درخت کٹے ہوئے تھے۔ خانقاہ کی اراضی کو ٹریکٹر اور ایکسویٹر لگاکر ہموار کیا جارہا تھا۔ خانقاہ پر لگا علم پاک بھی شہید کیا جاچکا تھا۔ یہ سب کچھ ملزمان گلفام حسین شاہ، اختر حسین شاہ، صفدر حسین شاہ، اکرام حسین شاہ پسران لعل حسین شاہ مرحوم، ملک کامران عرف کامی، فاروق غوری، قاسم غوری، تجمل شاہ ولد نثارشاہ، اعجاز شاہ ولد سجاد شاہ، ظہیر الدین ولد سکندر خان، رفاقت علی ولد محمد یوسف، ناصر علی ولد مہرعلی خان، ملک حفیظ الرحمن عرف ٹیپو، عکاش شاہ ولد اختر شاہ، سعید شاہ ولد عاشق شاہ ہمراہ بیس سے پچیس افراد موجود تھے۔ خانقاہ اور قبرستان کی نشاندہی شدہ اور فرد بدر جاری شدہ اراضی پر قبضہ کرکے فروخت کر دی ہے۔ حلقہ پٹواری شہزاد اور اس کے منشی عمر، ممتاز اور قمر کے ساتھ ملی بھگت اور سازباز کرکے خانقاہ و قبرستان کی اراضی کے لینڈ اینڈ ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل کرکے اراضی خرد برد کی۔ اس طرح خانقاہ شریف و قبرستان کی اراضی کو ریونیو ریکارڈ میں تبدیلی کرکے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ گلفام شاہ وغیرہ نے قبضہ مافیا کے سرغنہ ظہیر الدین ساکن ڈھوک کھوکھراں، ناصر علی ولد مہر علی خان ساکن قائد ٹاون، جھنگی سیداں اسلام آباد کو مبلغ بارہ لاکھ روپے بیعانہ لے کر فی کنال سات لاکھ روپے طے کرکے خانقاہ شریف شاہ شمس و قبرستان کی اراضی کا ناجائز قبضہ فروخت کر دیا ہے۔ 19 نومبر 2023 کو ایس ایچ او تھانہ ترنول نے مسمیان بالا کو پابند کیا کہ جب تک حلقہ پٹواری موقع پر آکر ملاحظہ موقع نہیں کرتا اس وقت تک آپ کسی قسم کا کام نہیں کرسکتے۔ لیکن اس کے باوجود آج مورخہ 28 نومبر 2023 کو انہی لوگوں نے دوبارہ ٹریکٹر اور ایکسویٹر لگاکر اراضی خانقاہ و قبرستان کو ہموار کرنے کی کوشش کی۔ جس کی اطلاع ایس ایچ او تھانہ ترنول کو دی گئی۔ اس اراضی پر اسلام آباد کی سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت سے سٹے آرڈر جاری ہے۔ لیکن اس کے باوجود مذکورہ بالا ملزمان نے عدالتی احکامات کا مذاق اڑاتے ہوئے اور عدالت کی توہین کرتے ہوئے اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ اگر ان ملزمان کو نہ روکا گیا تو نقص امن کا شدید خطرہ لاحق ہے جس سے قیمتی جانیں بھی ضائع ہوسکتی ہیں۔ لہذٰا ناجائز تجاوزات کو منہدم کرتے ہوئے باضابطہ نشان دہی کرکے خانقاہ شاہ شمس و قبرستان کی اراضی کو واگزار کرایا جائے اور قبضہ مافیا و مذکورہ بالا افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔