نوسر بازوں نے انتہائی چالاکی سے جعلی عدالتی آرڈر پر اپنا ساتھی رہا کروا لیا

پولیس کو جو آرڈر دکھایا گیا اس پر عدالتی مہر اور دستخط بھی تھے، ملزم کی رہائی کے بعد پولیس کو مچلکے جعلی ہونے کا پتا چلا

گوجرانوالہ ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نوسر بازوں نے انتہائی چالاکی سے جعلی عدالتی آرڈر پر اپنے ساتھی کو رہا کروا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شراب کے مقدمے میں تھانا سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملزم کے دوست نے ضمانت کے جعلی مچلکے تیار کروائے، ملزم کی رہائی کے بعد پولیس کو مچلکے جعلی ہونے کا پتا چلا۔
پولیس نے بتایا کہ ہمیں جو آرڈر دکھایا گیا اس پر عدالتی مہر اور دستخط بھی تھے، معمول کے طور پر آردڑ دیکھ کر ملزم کو رہا کیا اور آرڈر عدالت کو دوبارہ بھجوائے گئے تو معاملے کا علم ہوا، جس پر ملزم اور اس کے دوست کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر گجرات میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ پیش آیا جہاں نیکیاں فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا، اس واقعے نے پولیس کو بھی حیران کر دیا کیوں کہ گرفتار ملزم 10 روپے کے عوض ایک لاکھ نیکیاں، 100 روپے کے عوض ایک کروڑ نیکیاں، ایک ہزار کے عوض ایک ارب نیکیاں اور 10 ہزار کے عوض ایک کھرب نیکیاں فروخت کر رہا تھا، گلیانہ پولیس نے اپنی مدعیت میں بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ملزم کے قبضے سے رسید بک اور 550 روپے برآمد ہوئے، پولیس نے پنجاب ویگرینسی آرڈیننس 1958/9 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
علاوہ ازیں گجرات پولیس تھانہ ڈنگہ نے کارروائی کرکے دو رکنی ’’عدنان عرف دانو گینگ‘‘ کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے 1 موٹر سائیکل 125، 1عدد رکشہ لوڈر، 70سی سی موٹر سائیکل، 1لاکھ 20 ہزار نقدی برآمد ہوئی، تھانہ ڈنگہ کے گردو نواح کے علاقہ میں ہونے والی چوری کی وارداتوں کو ٹریس کرنے اور ملزمان کی گرفتار ی کیلئے ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ نے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل ملک عرفان صفدر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ ایس آئی غلام قادر اور دیگر تجربہ کارپولیس ملازمین پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی، ٹیم نے انتہائی محنت سے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کارلاتے ہوئے چوری کے 11 مقدمات میں مطلوب 2 ملزمان کو خصوصی آپریشن کرکے گرفتار کرلیا۔