لاہور : اندھے قتل کا ڈراپ سین، باپ کا قاتل سوتیلا بیٹا نکلا

لاہور: (کرائم ڈیسک) لاہور میں اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، رائیونڈ پولیس نے باپ کے قاتل سوتیلے بیٹے کو ساتھی سمیت 72 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دانش اور اس کے ساتھی تنویر ڈوگر کو گرفتارکر لیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔

انچارج انویسٹی گیشن رائیونڈ انسپکٹر قمر نے بتایا ہے کہ مقتول خاور علی شاہ دیہاڑی دار تھا اور اس نے تین شادیاں کر رکھی تھیں، مقتول اپنی سوتیلی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرتا تھا جس کا ملزم دانش کو رنج تھا، مقتول کے سوتیلے بیٹے دانش نے ساتھی کے ہمراہ والد کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ملزمان کو مختلف معلومات سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کو گرفتارکر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا ہے۔