لاہور : اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی کارروائیاں، 3 انسانی سمگلرز گرفتار

لاہور: (کرائم ڈیسک) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤ ن جاری ہے، لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث تین ملزمان محمد امین، محمد شہباز اور محمد شوکت حیات کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزمان بغیر لائسنس کے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر لاکھوں روپے بٹور رہے تھے، ملزم محمد امین نے شہری سے اٹلی کا ورک ویزہ لگوانے کے لیے 20 لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔

اسی طرح ملزم محمد شہباز نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے شہری کو اٹلی کا ورک ویزہ لگوانے کے نام پر 37 لاکھ روپے کا فراڈ کیا جبکہ ملزم محمد شوکت حیات نے شہری سے پولینڈ کا ورک ویزہ لگوانے کے لیے 5 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیائے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم شوکت حیات خود کو مختلف محکموں کا سرکاری افسرظاہر کر کے سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا، تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور ریاض خان نے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے ہیں۔