اسکول پرنسپل کی خاتون ٹیچر سے مبینہ زیادتی‘ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی

اسکول پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا موقف

لودھراں ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے علاقہ لودھراں میں اسکول پرنسپل نے خاتون ٹیچر سے مبینہ زیادتی کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، پرنسپل کو برطرف کرکے اسکول کی نان فارمل سینٹر کی حیثیت بھی ختم کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے پولیس نے کہا ہے کہ اسکول پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس پر چھمب کلیار کے رہائشی نے الزام لگایا کہ اس کی بیٹی اسکول میں بطور ٹیچر پڑھاتی تھی جہاں پرنسپل نے اس کی بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی اور ویڈیو بھی بنالی، میری بیٹی بدنامی کی وجہ سے خاموش رہی اب جب اس کی ویڈیو وائرل ہوئی تو بیٹی نے بتایا کہ پرنسپل نے اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کی اور ویڈیو بھی بنائی۔
متاثرہ خاتون کے والد نے الزام لگایا کہ ملزم اکثر خاتون ٹیچرز اور طالبات سے مبینہ زیادتی کرچکا ہے، پرنسپل کے ساتھ اس کے 2 ساتھی بھی اس گھناؤنے فعل میں ملوث ہیں، پرنسپل خاتون ٹیچرز کے ساتھ زیادتی کرتا دوسرا ملزم ویڈیو بناتا اور تیسرا ملزم پہرا دیتا تھا۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے بتایا کہ زیادتی کا واقعہ 2018ء کا ہے ویڈیوز وائرل ہونے پر پرنسپل اسکول کو تالے لگا کر فرار ہوگیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔
دوسری طرف کراچی کے علاقے گلشن حدید میں واقع نجی اسکول کے پرنسپل کی جانب سے خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے کیس میں دوران تفتیش ہونے والے انکشاف نے کیس کو نیا رخ دے دیا، کراچی کی مقامی عدالت میں بدھ کے روز ہوئی سماعت کے دوران پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر سرکاری وکیل نے انکشاف کیا کہ ملزم اکیلا نہیں ہے یہ پورا گروہ ہے، اب تک 45 سے زائد متاثرہ خواتین کا پتہ چلا ہے، ملزم خواتین کو بلیک میل کرتا تھا، ملزم سے تفتیش کے بعد مزید کارندے بھی گرفتار کرنے ہیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کے برآمد موبائل فون کا فارنزک بھی کروانا ہے، اس لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی اجازت دی جائے، جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم عرفان غفور کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔