عدالت نے فیاض شاہ کی بیٹی ملزمہ حنا شاہ کو 8 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا
خیر پور (نیوز ڈیسک) فاطمہ قتل کیس،ملزم فیاض شاہ کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت خیر پور میں گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس کی سماعت ہوئی،نامزد ملزم پیر فیاض شاہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس حکام کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر انسداد دہشت گردی عدالت نے پیر فیاض شاہ کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے فیاض شاہ کی بیٹی ملزمہ حنا شاہ کو 8 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ملزم فیاض شاہ کی ضمانت مسترد کر دی گئی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد سرکٹ بینچ میں فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزم پیر فیاض شاہ کی حفاظتی ضمانت پر سماعت ہوئی،ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے ملزم فیاض شاہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی اور پولیس کو ملزم کو متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔
سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ نے ملزمہ حنا شاہ کی درخواست بھی واپس لینے کی بنا پر خارج کی۔ خیال رہے کہ رانی پور حویلی میں گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس میں ملزمہ حنا شاہ نے پولیس کو گرفتاری دی،ایس ایس پی کے مطابق ملزمہ حنا شاہ کو ویمن پولیس اسٹیشن خیر پور منتقل کیا گیا۔ جبکہ پولیس نے حنا شاہ کے والد فیاض شاہ کو 3 روز قبل رانی پور سے گرفتار کیا تھا،ملزم کو پریس کانفرنس کے بعد حویلی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
پیر فیاض شاہ نے سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ سے ضمانت حاصل کر رکھی تھی،گرفتاری سے قبل پیر فیاض شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ ذہین اور اچھی لڑکی تھی،اس کی موت کا ہمیں بہت دکھ ہے۔ فاطمہ کو قتل نہیں کیا،اسد شاہ سمیت تمام خاندان کے افراد بے گناہ ہیں۔