راولپنڈی (کرائم ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کی ٹیم نے مغربی بائی پاس کوئٹہ کے قریب ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا جس کے دوران منشیات کے سمگلروں کے ساتھ جھڑپ میں فورس کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ منگل کو اے این ایف ترجمان کےبیان کے مطابق فورس نے کوئٹہ کے قریب ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا جس کے دوران منشیات کے سمگلروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس کے نتیجہ میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ کارروائی اہل علاقہ کی جانب سے منشیات فروشی کے خلاف شکایت کے نتیجے میں کی گئی۔ملزمان ہوٹل کی آڑ میں منشیات فروشی کا دھندہ کرتے تھے۔دوران کارروائی ملزمان نے اے این ایف کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ملزمان کی فائرنگ سے قریب سے گزرنے والے ایک ٹرک کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ملزمان منشیات کا بیگ چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔بیگ چیک کرنے پر 4 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ترجمان نے کہاکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔