راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر راولپنڈی میں ملاوٹ مافیا اور مضرصحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 15سو لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کر کے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی مندرہ ٹول پلازہ کے قریب موبائل فوڈ لیب کے ذریعے 06 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 15000 لیٹر دودھ کا تجزیہ کیا گیا۔
ملاوٹ ثابت ہونے پر 1500 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف جبکہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر 1 سپلائر کو جرمانہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح جہلم میں گٹکا پان مصالحہ اور زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر مختلف فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے گئے۔ پنڈ دادن خان میں غیر معیاری آئس کریم تیار کرنے پر 1 یونٹ کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ کا کہنا تھا کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔