اسلام آباد (کرائم ڈیسک) جنسی ہراسگی اور بلیک میلنگ میں ملوث مجرم شہباز بابر کو ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ پر شیئر کی تھیں۔
سائبر کرائم سرکل حیدرآباد نے ملزم کے خلاف سال 2023 میں مقدمہ درج کیا تھا۔مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ I حیدرآباد عالیہ سحر قائم خانی نے شہباز بابر کو مجرم قرار دیتے ہوئے ایک سال قید کی سزا سنائی۔ایف آئی اے کی جانب سے اسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل غضنفر علی بھٹو نے مقدمے کی پیروی کی جبکہ انسپکٹر سعید احمد نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کرایا۔