اسلام آباد ، سی ڈی اے کی غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر کارروائی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد کے علاقے ایکسپریس وے پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد کمرشل بلڈنگز کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کردیا۔

جمعرات کو سی ڈی اے سے جاری بیان مطابق بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر ایکسپریس وے پر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 5 عمارات جو سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر تعمیر کی جارہی تھیں ،کو سیل کرکے مالکان کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔ مزیدبرآں سیکٹر ایف۔17 میں واقع پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز میں 13 عمارات کے مالکان کو نان کنفرمنگ یوز پر نوٹس بھی دیئے گئے۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سےسی ڈی اے وفاقی دارالحکومت میں ناجائز تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر آپریشن کرنے میں مصروف ہے۔