کراچی:(کرائم ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) پورٹ کنٹرول یونٹ ٹیم نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب روپے کی اشیا کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے آئل اور بھاری مقدار میں مہنگی الیکٹرانک اشیاء سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے، درآمد ہونے والی اشیاء کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے۔
منشیات سمگلنگ کے شبہ میں انٹیلی جنس اطلاع پر اے این ایف کی ٹیم نے ایک کنٹینر کی تلاشی لی، تلاشی لینے پر کنٹینر میں موجود بھاری تعداد میں نان کسٹم اشیاء پکڑی گئیں، نان کسٹم سامان گھریلو اشیاء اور اجناس کی آڑ میں پاکستان سمگل کی جا رہی تھیں۔
کنٹینر سے لیپ ٹاپ، الیکٹرانک سگریٹ، گھڑیاں، ہارڈ ڈرائیوز، ٹیبلیٹس اور گٹکا پان مصالحہ برآمد ہوا، کنٹینر سے ساڑھے پانچ سو بوتلوں سے زائد جہازوں میں استعمال ہونے والا آئل، کیمیکل بھی برآمد ہوا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ کنٹینر نان کسٹم سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔