کوئٹہ: (کرائم ڈیسک) پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملکی سطح پر منشیات سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے بڑے پیمانے پر منشیات برآمد کر لی گئی۔
بلوچستان میں منشیات کے خلاف ایف سی اور دیگر اداروں کے مشترکہ آپریشن سے قبل قلعہ عبداللہ میں تاریخی جرگہ ہوا اور متعلقہ لوگوں کو وارننگ دی گئی، جرگے کے بعد مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس میں اب تک کل 42 اہداف کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔
آپریشن میں منشیات کے خفیہ گودام اور منشیات افزائش کی کئی ایکڑ فصلوں کو برآمد کیا گیا، 6 ٹن ایفی ڈرین کی تلفی، 48 منشیات کے کمپاؤنڈز کو مسمار کر دیا گیا، آپریشن کے دوران 70 ایکڑز منشیات کی فصلیں تلف کر دی گئیں اور منشیات پروسیسنگ کی 28 مشینیں بھی تباہ کی ہیں۔
آپریشن کے دوران کروڑوں مالیت کی منشیات اور اسکی تیاری میں استعمال ہونے والا ممنوعہ کیمیائی مواد بھی ضبط کیا گیا، 1100 کلو چرس، 94 کلوگرام ایفیڈرین ، 16.2 کلو گرام آئس اور 1090 لیٹر ایچ سی ایل برآمد کر لئے گئے، برآمد شدہ منشیات کی مالیت 7 کروڑ 21 لاکھ 87 ہزار 950 روپے ہے۔
قلعہ عبداللہ میں منشیات کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، منشیات کے ایک اڈے کی حفاظت پر 500 سے زائد مسلح غیر قانونی افغان شہری بھی مامور تھے، 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مقامی لوگوں نے قلعہ عبداللہ اور گلستان میں منشیات فروشوں کے خلاف اس کارروائی کا خیر مقدم کیا اور سکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
سکیورٹی اداروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ آپریشن منشیات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، ایف سی بلوچستان نارتھ، اینٹی نارکوٹکس فورس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ بلوچستان کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے مسلسل اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔