چشتیاں: دیرینہ دشمنی پر ملزم نے فائرنگ کر کے بہنوئی کو قتل کر دیا

چشتیاں: (کرائم ڈیسک) نواحی علاقے میں دیرینہ دشمنی پر سفاک ملزم نے بہن کے بعد بہنوئی کو بھی قتل کر دیا، مقتول نے ملزم کی بہن سے پسند کی شادی کی تھی۔

ملزم نے فائرنگ کرکے چند سال قبل بہن کو موت کے گھاٹ اتارا تھا، ملزم بہن کو قتل کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا اور اب اچانک منظر عام پر آکر اس نے بہنوئی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائے گی جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ورثا نے لاش کو ختم نبوت چوک میں رکھ کر حاصل پور اور بہاولنگر روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا، ورثا نے آئی جی پنجاب سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔