ناہید خان قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی مینجر مقرر

لاہور: (سپورٹس ویب ڈیسک) سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناہیدہ خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی مینجر مقررکردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق سابق انٹرنیشنل کرکٹر ناہید خان یکم ستمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی مینجر ہونگی۔

36 سالہ ناہیدہ خان نے 120 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 رنز بنائے تھے اور ایک وکٹ حاصل کی تھی، وہ اس سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئی ہیں جس کے بعد انہوں نے پاکستان کپ ویمنز ٹورنامنٹ میں بلاسٹرز کی اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری نبھائی۔

گزشتہ ہفتے مارک کولز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محتشم رشید جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اور ایشین گیمز میں عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں جبکہ کامران حسین سلیم جعفر کی جگہ بولنگ کوچ ہونگے۔

علاوہ ازیں عائشہ اشعر کو ایشین گیمز کے لیے پاکستان خواتین ٹیم کی منیجر برقرار رکھا گیا ہے۔