بھارت کا آنے سے انکار، سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ پاکستان سے ازبکستان منتقل

ایونٹ کو پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے پاکستان سے منتقل کیا گیا ہے

اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک ) سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ پاکستان سے ازبکستان منتقل کر دی گئی۔ ایونٹ کو پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے پاکستان سے منتقل کیا گیا ہے۔ سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ پہلے 29 مئی سے اسلام آباد میں منعقد ہونا تھی، اب انہیں تاریخوں میں ایونٹ ازبکستان میں ہوگا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ٹیمیں پاکستان آنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں۔

ایونٹ کی متنقلی کا فیصلہ گزشتہ دنوں نیپال میں سینٹرل ایشین والی بال فیڈریشن کے اجلاس میں ہوا ، پاکستان والی بال فیڈریشن نے ایونٹ کی پاکستان سے منتقلی کی تصدیق کر دی۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔