اسلام آباد: ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کیخلاف ایک اور سازش رچاتے ہوئے بھارت نے ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مینز ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں کھیلا جانا ہے جبکہ ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون کے مہینے میں سری لنکا میں شیڈول ہے۔ اس حوالے سے بی سی سی آئی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں، بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکتی جس کے سربراہ پاکستان کے وزیر ہیں۔
بی سی سی آئی کے اہلکار کے مطابق ابھی ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا زبانی طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ کر دیا ہے، اے سی سی کے باقی شیڈول ایونٹس کو بھی ہولڈ کر دیا ہے، ہم اس حوالے سے حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کو اپنی دستبرداری سے آگاہ نہیں کیا، بھارت کی ایشیا کپ سے دستبرداری کی تیاری کے حوالے سے اطلاعات ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا، اس سال ہونے والا ایشیا کپ بھارت میں شیڈول ہے، بھارت ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے۔