مری میں شہری پر تشدد کرنے والے ڈولفن فورس کے چار اہلکارمعطل،چارج شیٹ جاری

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) راولپنڈی ڈولفن فورس کے اہلکاروں کے خلاف مری میں شہری پر تشدد کی شکایت سامنے آنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر کے چارج شیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او نے ایس پی صدر کو واقعہ کی مکمل انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈولفن فورس کے اہلکاروں آصف، ہنزلہ، اسماعیل اور حسن کے خلاف یوم آزادی پر شہری پر تشدد کی شکایت سامنے آئی تھی۔سی پی او کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سخت محکمانہ سزا دی جائے گی، تشدد ناقابل برداشت ہے جس کی کسی صورت کوئی گنجائش نہیں۔