پنجاب : سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 4اہم کمانڈرز سمیت 21دہشتگرد گرفتار

لاہور : (کرائم ڈیسک) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں، سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے 9 ، داعش کے چار اہم کمانڈرز سمیت 21 دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور، ناروال ،ڈی جی خان ، جہلم ،مظفر گڑھ ، گوجرانوالہ، سرگودھا، لیہ، اٹک، گوجرانوالہ اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں سے گرفتار دہشت گرد خطرناک منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، پرائما کارڈ ،ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز، ہینڈ گرینڈ اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناحت شاہد، امین، گل رحمان، آزاد، اسحاق، اعجاز، جاوید، مدثر، اقبال ، عیسٰی ، شہبازاورسیف وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے ۔

دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق رواں ہفتے700 کومبنگ آپریشنز کے دوران 49 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 29829افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔

حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔