باریش شخص کے برقع پوش لڑکی کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی
کراچی(کرائم ڈیسک) شہر قائد میں راہ چلتی ایک اور لڑکی کو سرعام ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔یہ واقعہ گلستان جوہر اور اورنگی ٹاؤن کے بعد فیڈرل بی ایریا بلاک 17 میں پیش آیا جہاں پر موٹرسائیکل سوار شخص گلی سے گزرتی برقع پوش خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کرکے فرار ہو گیا۔واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے مسجد کے قریب گلی سے گزرنے والی برقع پوش خاتون کو موٹرسائیکل سوار شخص نازیبا حرکت کرتا ہے جو باریش بھی ہے اور سر پر ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔ایس ایچ او سمن آباد مظفر صدیقی سے رابطہ کیا تو انہوں نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے پاس واقعے کی کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی نہ ہی متاثرہ خاتون نے رابطہ کیا ہے تاہم ویڈیو کا جائزہ لے رہے ہیں۔
عورت نے کپڑے بھی پورے پہنے ہوئے ، مرد کی داڑھی بھی ہے اور سر پر ٹوپی بھی ہے جو اس منافق معاشرے میں شرافت کی پہچان ہے ، تو پھر یہ ہراسمنٹ کیوں ؟
pic.twitter.com/OKtTtgCwaa— Moments & memories (@momentmemori) August 2, 2023
۔جب کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خاتون کو ہراساں کرنے اور پرس چھیننے کی کوشش کی گئی تھی، جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گلی میں عبایہ پہنی لڑکی آ رہی ہے کہ اسی دوران عقب سے آنے والا موٹرسائیکل سوار لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرکے فرار ہو جاتا ہے۔فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا ، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں بظاہرپرس چھیننے کی واردات لگتی ہے۔
بعد ازاں ویسٹ پولیس نے اورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم کی راہگیر خاتون کوہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے متاثرہ خاتون کا بیان قلم بند کیا گیا اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا ، تاہم گلستان جوہر کے واقعے میں ملوث ملزم کو اب تک گرفتار نہ کیا جاسکا ہے۔