اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیاں ، 13 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: (کرائم ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) کی انسداد منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، ملک کے مختلف شہروں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد جبکہ 13ملزمان گرفتارکرلیے گئے ۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک بھر میں کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر ملزمان کے قبضے سے 104 کلو منشیات برآمد کی گئی ہے ۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی میں بہاولنگر اور پاکپتن کے رہائشی 4 ملزمان کے پیٹ سے 152 عدد منشیات بھرے کیپسولز برآمد کرلیے ۔

ایچ ڈی ہوٹل جیکب آباد سکھر کے قریب بلوچستان کے رہائشی ملزم سے 10 کلو چرس جبکہ اتحاد ٹاؤن کیماڑی کراچی کے قریب رکشہ میں موجود کراچی کی رہائشی خاتون سمیت ملزم گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 7 کلو چرس برآمد ہوئی ۔

اے این ایف کی جانب سے باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی میں خیبر کے رہائشی ملزم کے پیٹ میں موجود 102آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔

چارسدہ روڈ پشاور کے قریب رکشہ میں موجود ٹول باکس میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد، مردان کا رہائشی مُلزم گرفتار کرلیا ۔

جی ٹی روڈ کامونکی میں ٹریکٹر سے 38کلو 400گرام افیون ،25کلو 200گرام چرس، 8کلو ممنوعہ کیمیکل اور 2کلو آئس برآمد کرلیا گیا ، راولپنڈی کا رہائشی مُلزم گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف کی ایک اور کارروائی میں سمبڑیال انٹرچینج سیالکوٹ کے قریب گاڑی میں موجود سہولت کاروں سمیت کراچی ، پشاور کے رہائشی 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، کراچی کے رہائشی ملزم کے لیپ ٹاپ اور پاؤں کے نیچے چھپائی گئی 800 گرام ہیروئن برآمدکرلی گئی ، ملزم نے سیالکوٹ ائیر پورٹ سے شارجہ کے لئے روانہ ہونا تھا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔