خود کو اسسٹنٹ کمشنر لاہور ظاہر کرنے والے گرفتار فراڈیئے کے دوران تفتیش ہو شربا انکشاف

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں اور دفاتر کی چیکنگ کرتا رہا، جرمانے بھی عائد کیے،ملزم نے سوشل میڈیا پر ایک فیک پیج بھی بنا رکھا تھا جہاں لوگوں اپنی شکایات بھیجتے تھے

لاہور(کرائم ڈیسک) خود کو اسسٹنٹ کمشنر لاہور ظاہر کرنے والے گرفتار فراڈیئے نے دورانِ تفتیش ہو شربا انکشافات کیے ہیں۔ملزم نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں اور دفاتر کی چیکنگ کرتا رہا، جرمانے بھی عائد کیے۔تھانہ کوہسار پولیس نے گذشتہ روز ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد شہریوں کو بلیک میل کرکے بھاری رقم بھی بٹوری۔
جعلی اسسٹنٹ کمشنر ملزم کی سفارش کے لیے تھانہ کوہسار آیا تھا،اے ایس آئی فخر اقبال نے مشکوک پا کر چند سوالات کیے تو ملزم گھبرا گیا، بعدازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم نے سوشل میڈیا پر ایک فیک پیج بھی بنا رکھا تھا جہاں لوگوں اپنی شکایات بھیجتے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خود کو آرمی آفیسر ظاہر کرنے والاجعلی میجر حوالات میں بند کردیا گیا،جعلی آفیسر کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق سینئر ٹریفک وارڈن فاروق نے دوران ڈیوٹی کالے شیشے والی گاڑی کو کارروائی کی غرض سے روکا، کاغذات طلب کرنے پر ڈرائیور نے خود کوآرمی کا میجر ظاہر کیا،ملزم نے سینئر ٹریفک وارڈن محمد فاروق کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ڈیجیٹل ایپلیکشن پرنمبر درج کرنے پر ملزم کی گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی،سینئر ٹریفک وارڈن نے ڈرائیور اور گاڑی کو تھانہ سول لائن کے حوالے کر دیا۔
جعلی آفیسر کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کردیا گیا۔