پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرون اور لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کو اپنی تحویل میں لے لیا
لاہور(کرائم ڈیسک) 6 کلو منشیات لے کر جانے والا ڈرن گرگیا۔تفصیلات کے مطابق لاکھوں روپے کی منشیات لے جانے والا ڈرون لاہور کے کاہنہ ٹاؤن کے علاقے ہلوکی میں گر کر تباہ ہو گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کاہنہ اسٹیشن ہاؤس افسر عبدالواحد کے مطابق ڈرون گرنے کا واقعہ رسول پورہ گاؤں میں پیش آیا۔معمول سے بڑا ڈرون 6 کلو ہیروئن لے کر جا رہا تھا کہ ایک زمیندار کے کھیتوں میں گرکر تباہ ہو گیا۔
واقعے بعد وہاں لوگوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرون اور لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کو اپنی تحویل میں لے لیا۔دونوں چیزوں کو مزید تفتیش کے لیے انسداد منشیات فورس کے حوالے کر دیا گیا،تحقیقات کی جا رہی ہے کہ ڈرون کو کہا سے آپریٹ کیا جارہا تھا اور کہاں لے جایا جا رہا تھا۔
اس سے قبل 21 جون2023ء کو اوکاڑہ میں تھانہ بصیر پور پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناکرکروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور ڈرون کیمرہ برآمد کرلیا تھا۔
ترجمان پولیس ضلع اوکاڑہ کے مطابق تھانہ بصیرپور پولیس نے موٹر سائیکلوں پرسوار 5 ملزمان کو روکنے کی کوشش کی مگرملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزمان 2 عدد بیگ پھینک کر فرار ہو گئے،جن میں سے 5 کلو کوکین مالیتی 10 کروڑ روپیہ، ڈرون کیمرہ معہ سٹینڈمالیتی 24لاکھ 50ہزاربرآمد ہوا ہے،ملزمان مبینہ طور پرمنشیات کی بھاری کھیپ ڈرون کے ذریعے بھارت کو سمگل کرنے کے لیے جارہے تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیاہےجبکہ ملزمان ٹریس ہو چکے ہیں اور جلد ازجلد ان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے