ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے،مختلف ممالک سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے، ملزمان بذریعہ ویسٹرن یونین پاکستان میں اہلخانہ کو رقوم بھیجتے تھے۔ترجمان ایف آئی اے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 8 پاکستانیوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے جب کہ 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے میر پور خاص کرائم سرکل کے عملے نے اس حوالے سے اہم کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جو مختلف ممالک کا سفر کرتے ہوئے اسرائیل پہنچے اور وہاں ملازمت کرتے رہے۔
ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے اور اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ملزمان کی جانب سے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ ملزمان کا تعلق میر پور خاص سے ہے جو یورپی ویزے پر اردن ائیرپورٹ سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے اور بذریعہ ویسٹرن یونین پاکستان میں اہلخانہ کو رقوم بھیجتے تھے۔
ملزمان ترکیہ، کینیا اور سری لنکا کے راستے سے بھی اردن ائیرپورٹ سے اسرائیل میں داخل ہوتے رہے۔
ملزمان وطن واپسی کے لیے دبئی کے راستے اردن ائیرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 8 پاکستانیوں کے خلاف پانچ مقدمات کا اندارج کر لیا گیا ہے جب کہ پانچ ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے جن میں نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور شامل ہیں۔ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔ ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی ایف آئی اے کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔