عارف والا: ڈاکو ڈی ایس پی اور اہلخانہ کو یرغمال بناکر ڈیڑھ کروڑ سے زائد لے اڑے

ڈاکو گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 60 تولے کے طلائی زیورات اور 57 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، ایف آئی آر کا متن

عارف والا (کرائم ڈیسک) عارف والا میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو ڈی ایس پی اور اہلخانہ کو یرغمال بناکر ڈیڑھ کروڑ سے زائد لے اڑے۔ ایف آئی آر کا متن میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکو گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 60 تولے کے طلائی زیورات اور 57 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ آر پی او ساہیوال محبوب رشید نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
پولیس کے مطابق پانچ ڈاکو گھر میں گھسے اور ڈی ایس پی محمد سجاد خان اور ان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا، واردات کے دوران ان کے بھائی ٹکا محمد فرید ایڈووکیٹ پہنچے تو ڈاکوؤں نے انہیں بھی یرغمال بنا لیا۔

ادھر مانگا منڈی میں مبینہ پولیس مقابلے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
مانگا منڈی پولیس زیر حراست ڈاکوؤں شاہد علی اور ابرار کو دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے لے جا رہی تھی کہ ملزمان نے پولیس گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہو گئے تاہم پولس کے مطابق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔