جنوبی وزیرستان ، پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ جوابی فائرنگ میں ایک دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد سے ایس ایم جی اور راکٹ لانچر ملاسمیت 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی جبکہ دہشت گرد کی شناخت افنان ولد پیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے، حکام

جنوبی وزیرستان ( نیوز ڈیسک ) جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا،پولیس نے مقابلہ کرکے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا،جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق پولیو مہم کے دوران جنوبی وزیرستان کے علاقے میںکلوشہ میں دہشتگردوں نے اچانک پولیو ٹیم پر حملہ کر دیااطلاع ملنے پر اعظم ورسک تھانے کے عملے نے بہادری سے نصف گھنٹے تک دہشتگردوں سے مقابلہ کیاجس میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او اور پولیس پارٹی پولیو ڈیوٹی پر تھے۔ پولیس پارٹی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 30 منٹ تک جاری رہا۔ہلاک دہشت گرد سے ایس ایم جی اور راکٹ لانچر ملاسمیت 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت افنان ولد پیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے اس کی تلاشی کے دوران 2 شناختی کارڈز، 3 اے ٹی ایم کارڈز اور ایک سمارٹ فون برآمد ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردبرآمد کئے گئے کارڈز میں سے ایک ہلاک دہشت گرد کا تھا۔ باقی شہید کانسٹیبل عمران کے نکلے جو عید سے قبل دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔علاقے میں سرچ آپریشن اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے اضافی نفری اور اے پی سی روانہ کردی گئی ہے۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی وزیرستان میں خارجیوں نے رات گئے پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملہ کردیاتھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔ڈی ایس پی عمران اللہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔رات گئے دہشتگردوں نے تین پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملے کئے، حملے میں دہشت گردوں نے ایک کانسٹیبل کو اغواءکر لیا تھا۔ڈی ایس پی عمران اللہ کاکہنا تھا کہ کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ مارے گئے دہشتگردوں کی لاشیں دوتانی قبائل نے اپنی تحویل میں لے لیںتھیں۔ تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔