حیدرآباد میں خاتون نے دوران چیکنگ ڈی ایس پی کینٹ پر پستول تان لی، اسلحہ لہراتے ہوئے فرار

خاتون کے خلاف 3 مقدمات درج، کینٹ پولیس کی جانب سے اسلحہ لہرانے والی خاتون کی تلاش شروع کردی گئی

حیدرآباد ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر حیدر آباد میں کینٹ پولیس کی جانب سے اسلحہ لہرانے والی خاتون کی تلاش شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدر آباد میں کینٹ تھانے کی حدود گھوڑا گراؤنڈ میں خاتون نے دوران چیکنگ ڈی ایس پی کینٹ پر پستول تان لی، حیران کن طور پر ریوو گاڑی میں سوار خاتون اسلحہ لہراتی ہوئی دوسری گاڑی میں فرار ہوگئی، جس پر پولیس نے گاڑی میں خاتون کے ساتھ سوار شخص کو گرفتار کرکے شراب اسلحہ برآمد کرلیا، خاتون شازیہ اور کار ڈیلر کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے۔
پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں صبح سویرے دوران چیکنگ گھوڑا گراؤنڈ پر یہ واقعہ پیش آیا جہاں خاتون نے ڈی ایس پی کینٹ اور اہلکاروں پر پستول تان کر انہیں دھمکیاں دیں، تاہم لیڈیز پولیس ہمراہ نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کے ساتھ نرمی اختیار کی گئی، اس دوران گاڑی سوار ایک ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی سے بھاری اسلحہ و شراب برآمد کرلی گئی ہے، واقعے کی تین علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور کینٹ پولیس نے اسلحہ لہرانے والی خاتون کی تلاش شروع کردی۔

چند روز قبل صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کا واقعہ ہوا ہے جہاں کسٹم اہلکاروں نے خاتون مسافر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ائیر پورٹ میں بد نظمی ہوئی تو خاتون پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، اس دوران کسٹم آفیسر خاتون نے مسافر خاتون کو لاؤنج میں بالوں سے گھسیٹا، مسافر خاتون کے اہل خانہ چیخ و پکار کرتے رہے لیکن کسی نے ان کی ایک نہ سنی۔
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ خواتین نے سامان چیکنگ پر جھگڑا شروع کیا، چیکنگ کے دوران خاتون مسافر نے اپنا لہنگا کلیئر نہ ہونے پر کسٹم اہلکاروں سے جھگڑا کیا، ابوظہبی سے آنے والی خواتین مسافروں نے سامان کی کلیئرنس نہ ہونے پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ہاتھا پائی ہوئی، اس دوران خاتون مسافر نے کسٹم اہلکاروں کو جوتے بھی مارے، جس کے باعث کسٹم حکام نے اس خاتون کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔