لاہور،بارات سے قبل لڑکی کوقتل کرنے کا معاملہ،تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے بہنوئی قاتل نکلا

پولیس نے ملزم اکرام کو گرفتار کرلیا،ملزم نے رشتہ کے تنازعہ پر 23سالہ عائشہ کو قتل کیا، ملزم پستول کو گھر کے ساتھ ہی خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوا، قتل کے بعد طبیعت خراب کا بہانہ بناکر وہ غائب ہوگیا، پولیس

لاہور( کرائم ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ سندر میں بارات سے قبل لڑکی کو قتل کرنے کے معاملے میں تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آگئے ،بہنوئی قاتل نکلا،پولیس نے ملزم اکرام کو گرفتار کرلیا،ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم اکرام نے رشتہ کے تنازعہ پر 23سالہ عائشہ کو قتل کیا تھا۔
مقتولہ عائشہ کی بھائی پھیرو کے رہائشی فلک شیر سے گزشتہ روز شادی تھی اور اس کی بارات دوپہر ایک بجے آنی تھی۔ رات مہندی کی تقریب کے بعد عائشہ کمرے میں سوگئی اس دوران علی الصبح سے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پستول کو گھر کے ساتھ ہی خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوا۔
مقتولہ کا بہنوئی اکرام کے حالات مشکوک تھے۔ قتل کے بعد طبیعت خراب کا بہانہ بناکر وہ غائب ہوگیا۔

مقتولہ کی والدہ جمیلہ بی بی نے الزام لگایا کہ ان کے داماد نے بیٹی کو قتل کیا اور اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کئے اور تفتیش شروع کی۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے اپنا کام مکمل کرنے کے بعد لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا۔پولیس نے ملزم اکرام کے بھائی کو حراست میں لے تفتیش شروع کردی اور مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔
مرکزی ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روزبارات کی آمد سے چند گھنٹے قبل دلہن کوپراسرار انداز میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیاتھا۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرلڑکی کو قتل کیا تھا۔پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغازکر دیاتھا۔پولیس نے بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے 23 سالہ لڑکی کو سر میں گولی ماری تھی۔
مقتولہ کی شناخت عائشہ حبیب کے نام سے ہوئی تھی۔ عائشہ کی رات مہندی تھی اور گزشتہ روز اس کی بارات آنی تھی۔ پولیس کاکہنا تھا کہ عزیز کالونی میں رات 3 بجے تک 23 سالہ عائشہ کی مہندی کی تقریب جاری رہی تھی۔ صبح اس کی لاش بیڈ پر پڑی تھی اسے سرمیں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح چار پانچ بجے کے درمیان نامعلوم شخص دروازے کھول کر کمرے میں آیا اور کنپٹی پر فائر مار کے دلہن کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ پستول نیا خریدا گیا تھاجس کا ڈبہ، میگزین اور پستول گھر سے ہی برآمد ہوئے تھے۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے لاش مردہ خانہ منتقل کردی تھی۔ ایس پی صدر غیور احمد کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جارہا تھا۔ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔