پشاور، نجی بینک کی کیش وین لوٹنے والے ملزمان گرفتار،لوٹی ہوئی 3 کروڑ کی رقم برآمد

کیش وین میں ڈکیتی ڈرائیور کی ملی بھگت سے ہوئی، کیش وین سے رقوم مختلف اضلاع کو بھیجی جانی تھی، ڈرائیور پہلے بھی کئی جگہ سے نکالا گیا تھا، ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کی پریس کانفرنس

پشاور ( کرائم ڈیسک ) پشاور میں پولیس نے نجی بینک کی کیش وین لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے لوٹی گئی 3 کروڑ کی رقم برآمد کرلی ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ڈرائیور سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا،اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیش وین میں ڈکیتی ڈرائیور کی ملی بھگت سے ہوئی۔
کیش وین سے رقوم مختلف اضلاع کو بھیجی جانی تھی۔وین کا ڈرائیور 6 ماہ سے کام کر رہا تھااور اسے پہلے بھی دو تین جگہوں سے نکالا گیا تھا۔ایس ایس پی آپریشنز کامزید کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ 3کروڑ کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے جب کہ گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کے دوران سکیورٹی گارڈز سمیت 7 افراد کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیا ہے تاکہ ملزمان تک پہنچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں نجی بینک کی وین کے عملے کو بھی شامل کیا گیا تھاجبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کو ملزمان تک رسائی کے حوالے سے اہم شواہد ملے تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ روزپشاور میں مسلح ڈاکو نے ہشت نگری پولیس سٹیشن کے قریب نجی بینک کی کیش وین سے مبینہ طور پر 3 کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ ڈاکووں نے بینک کی کیش وین لوٹ لی تھی۔
پولیس حکام کاکہنا تھا کہ 4 ڈاکووں نے ہشت نگری جی ٹی روڈ پر گن پوائنٹ پروین کوروکا اور لوٹ مار کرکے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ملزموں کی بھی تلاش شروع کردی گئی تھی۔ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کا نجی بینک کی کیش وین سے ڈکیتی کے بارے میں کہنا تھا کہ شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز کا جائزہ لے کر جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا اور ریکوری کی جائے گی۔
بینک گاڑی کی نقل و حرکت میں سکیورٹی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا گیا تھا۔ بعدازاں نجی بینک کی کیش وین کی ڈکیتی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی تھی جس میں واضح طور پر دکھایا گیا تھا کہ نقاب پوش ملزمان نے وین کو گلی میں داخل ہوتے ہی لوٹنے کی کوشش کی تھی۔فوٹیج کے مطابق ڈکیت دو اطراف سے کیش وین تک پہنچے اور اس سے رقم نکالنے کیلئے گن پوائنٹ پر دھاوا بول دیا تھا۔