جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی سینٹرل جیل میں ملزم ساحر حسن کیخلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، مزید سماعت 5 اپریل تک ملتوی
کراچی ( کرائم ڈیسک ) کراچی کی عدالت نے اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں پراسیکیوشن کے اعتراض دور کرکے حتمی چالان پیش کرنے کی ہدایت کر دی،جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی سینٹرل جیل میں ملزم ساحر حسین کیخلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی ،جیل حکام نے ملزم ساحر حسن کو عدالت میں پیش کیا۔سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو پراسیکیوشن کے اعتراض دور کر کے حتمی چالان پیش کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کیس کی مزید سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی ۔
گزشتہ سماعت پر ملزم ساحر حسن سے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں پولیس نے عبوری چالان عدالت میں جمع کروایاتھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے ملزم ساحر حسن کیخلاف عبوری چالان عدالت میں جمع کروایاتھا۔
پولیس کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان میں عدالت کو یہ بتایاگیا تھا کہ منشیات برآمدگی کیس میں ملزم ساحر حسن گرفتار تھاجنہیں 22 فروری کو ڈی ایچ اے فیز 6 سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم ساحر حسن نے اپنے کندھے پر سیاہ رنگ کا ہینڈ کیری بیگ لٹکایا ہوا تھا اور ان کے قبضے سے 5 پیکٹ ویڈ گانجا برآمد ہوا تھا اور دوران تفتیش ملزم ساحر حسن نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔پولیس نے کیس کی تفتیش کے حوالے سے عدالت کو یہ بھی بتایا تھا کہ ملزم ساحر کا موبائل فون پنجاب فرانزک لیب بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملزم یحییٰ کا نام ناکافی شواہد کی وجہ سے کالم ٹو میں رکھا گیا تھا۔
پولیس نے اپنے چالان میں عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا تھاکہ ملزم نے بتایا کہ 2014 سے چرس کا نشہ کررہا تھا۔ بازل اور یحییٰ ویڈ کورئیر سروس کے ذریعے مجھے بھیجتے ہیں اور دونوں ملزمان بیرون ملک سے ویڈ منگواتے تھے۔عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم بازل کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرکے گھر پر تلاش کیا گیا مگر ملزم نہیں ملا تھا۔