ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو گائیڈ لائنز جاری کر دیں ، سائیڈ ویو مرر اور ہیلمٹ کے استعمال سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے، آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی، مرزا فاران بیگ
لاہور( نیوز ڈیسک ) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے انڈیکیٹر ، بغیر سائیڈ ویو مرر ،فرنٹ و بیک لائٹس اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں چلانے والوںکیخلاف کریک ڈاون کا حکم دیدیا، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو گائیڈ لائنز جاری کر دیں، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہناہے کہ موٹرسائیکل چلانے والے ہیلمٹ، ا نڈیکیٹر، فرنٹ و بیک لائٹس کا خیال رکھیں۔
انہوں نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ہیلمٹ، سائیڈ ویو مرر، انڈیکیٹرز کی افادیت سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی اور شہریوں کو ان کی آفادیت کے بارے میں بتایا جائیگا۔ مرزا فاران بیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سائیڈ ویو مرر اور ہیلمٹ کے استعمال سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
مختلف شاہراہوں پرہونے والے حادثات میں بڑی تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔
حادثات سے بچاﺅ کیلئے موٹر سائیکل سواروں کو چاہئے کہ انڈیکیٹر ، فرنٹ و بیک لائٹس اور سائیڈ ویومرر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل موٹر سائیکل کی پچھلی سواری کیلئے بھی ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیاتھا۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور اطہر وحید کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہاگیا تھا کہ موٹر سائیکل کا دوسرا سوار مرد ہو یا عورت اس کے لیے بھی ہیلمٹ پہننا لازم ہوگا اور قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔
سی ٹی او اطہروحید کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ پہننے سے شرح اموات میں 26 فیصد کمی ہوئی تھی۔ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو معافی نہیں دی جائے گی اور ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہیلمٹ پہننے کا اطلاق موٹر سائیکل پر سوارمرد و خواتین دونوں پر ہوگا۔موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمنٹ پہننے کے حوالے سے ایک ہفتہ آگاہی دی جائے گی۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں خواتین کو ریلیف دیا جائے گاآگاہی کے بعد ہیلمٹ پہننا ہوگا جبکہ آن لائن رائیڈرز بھی سوار کیلئے ہیلمٹ خریدیں گے۔حکام کایہ بھی کہنا تھا کہ شہر میں رجسٹرڈ 80 لاکھ وہیکلز میں 53 فیصد سواری موٹر سائیکل ہے اور ہیلمٹ پہننے سے اموات کی شرح میں 26 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔