نوسرباز آئی فونز دینے کے وعدے پر تاجر سے 15 کروڑ روپے کا فراڈ کرکے رفوچکر

اسلام آباد پولیس کی جانب سے متاثرہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوسرباز آئی فونز دینے کے وعدے پر تاجر سے 15 کروڑ روپے کا فراڈ کرکے غائب ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر تھانہ کوہسار پولیس نے تاجر کی مدعیت میں حساس ادارے کے مبینہ افسر سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے متاثرہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

تھانہ کوہسار میں درج ایف آئی آر سے معلوم ہوا ہے کہ تاجر نے آئی فونز کی کھیپ منگوانے کے لیے 33 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سودا طے کیا اور اس مد میں 15 کروڑ روپے نقد ادا کیے، جس پر خود کو حساس ادارے کا میجر ظاہر کرنے والے علی رضا نامی شخص نے تاجر سے 2 گھنٹے میں موبائل فون فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن ملزمان نے رقم لینے کے بعد رابطہ منقطع کردیا اور غائب ہوگئے۔