اسلام آباد میں ڈکیتی کی بڑی واردات؛ ڈاکو شہری سے 85 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار

مختلف بینکوں سے کیش نکلوا کر ناظم الدین روڈ پہنچا تو ڈاکوؤں نے 85 لاکھ 90 ہزار روپے چھین لیے، رقم کسی فریق کو ادا کرنے جارہا تھا کہ راستے میں واردات ہوگئی؛ تاجر کا موقف

اسلام اباد ( کرائم ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی ہے جہاں ڈاکو تاجر سے 85 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واردات تھانہ کوہسار کی حدود میں کی گئی جہاں ڈاکو شہری سے 85 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاجر نے واقعے کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخوست جمع کروا دی۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مختلف بینکوں سے کیش نکلوا کر ناظم الدین روڈ پہنچا تو ڈاکوؤں نے 85 لاکھ 90 ہزار روپے چھین لیے، میں یہ رقم کسی فریق کو ادا کرنے جارہا تھا کہ راستے میں واردات ہوگئی، اس واقعے کا مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے۔ بتایا جارہا ہے کہ قبل ازیں راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک سے رقم لے کر نکلوانے والے تاجر کے ڈرائیور سے پونے پانچ کروڑ روپے لوٹ لیے تھے، یہ واقعہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہوا جہاں ڈاکو تاجر کے ڈرائیور سے پونے پانچ کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے واردات کی تمام پہلوؤں سے چھان بین شروع کردی۔
پولیس نے بتایا کہ تاجر نے ڈرائیور کو رقم دے کر نجی سوسائٹی میں واقع اپنے گھر بھیجا تھا لیکن جب ڈرائیور گھر کے قریب پہنچا تو اس دوران ڈاکوؤں نے اس سے رقم والابیگ چھین لیا اور فرارہوگئے، متاثرہ کاروباری شخص شیخ اقبال کا صدر کے علاقے میں جوتوں کا کاروبارہے، تاہم شہری کی جانب سے واضح طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نے اتنی بڑی رقم ڈرائیور کے ہاتھ کیوں بھیجی؟، اس لیے واردات کی تمام پہلوؤں سےچھان بین شروع کردی گئی اور تمام راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔