کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار خواتین کے پاس واپسی کی ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ موجود نہ تھی؛ ترجمان ایف آئی اے
کراچی ( کرائم ڈیسک ) کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافر کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر خواتین نے عمرے کی آڑ میں گداگری کی غرض سے سعودی عرب جانے کی کوشش کی، جن کی شناخت عروج فاطمہ، مریم نذیر اور جمیلہ بی بی کے نام سے ہوئی، مسافر خواتین کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا، گرفتار خواتین کے پاس واپسی کی ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ بھی موجود نہ تھی۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کے پاس عمرہ کی ادائیگی کے لیے درکار ضروری رقم بھی ناکافی تھی، گرفتار کی جانے والی ان خواتین کو اس سے پہلے لاہور ایئرپورٹ سے بھی آف لوڈ کیا گیا، گرفتار مسافر خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
دوسری طرف سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی، وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں ایک مجرم کے خلاف سزائے موت کے نفاذ کے حوالے سے بیان جاری کیا، جس میں بتایا کہ ایک پاکستانی شہری اختر منیر ظہیر کو سکیورٹی حکام نے گرفتار کیا، تحقیقات کے نتیجے میں اس پر منشیات سمگلنگ کا الزام لگایا گیا اور اسے مجاز عدالت میں بھیج دیا، جرم ثابت ہونے پر اس کے خلاف ایک حکم جاری کیا گیا جس میں اسے سزائے موت سنائی گئی، ملزم نے اس کے کاف اپیل کی تاہم سپریم کورٹ نے سزا برقرار رکھی جس کے بعد فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے ایک شاہی حکم جاری کیا گیا اور مجرم اختر منیر ظہیر کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور منشیات کے سمگلروں اور ڈیلروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جارہی ہیں کیوں کہ منشیات کی وجہ سے معصوم جانوں کے ضیاع اور معاشرے میں سنگین بدعنوانی اور افراد کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، جو بھی ایسا کرے گا اسے قانونی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔