گوجرانوالہ ، ظالم شخص نے شادی میں رکاوٹ بننے والے بچے کو نہر میں پھینک دیا

علی حسن کی گاوں کی رہائشی خاتون کے ساتھ شادی کرنے کا خواہشمند تھا، خاتون نے اپنے پانچ سالہ بیٹے کی خاطر شادی سے انکار کر دیا ملزم نے پانچ سالہ ضامن کو نہراپرچناب میں پھینک دیا، ملزم گرفتار

گوجرانوالہ ( کرائم ڈیسک ) گوجرانوالہ میں خاتون سے شادی کے خواہش مند ظالم شخص نے شادی میں رکاوٹ بننے والے بچے کو نہر پھینک دیا،اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق فیروز والا کے رہائشی علی حسن کی گاوں کی رہائشی خاتون کے ساتھ دوستی تھی اور ملزم خاتون کے ساتھ شادی کرنے کا خواہشمند تھا۔
خاتون نے اپنے پانچ سالہ بیٹے کی خاطر شادی سے انکار کر دیا۔ جس پر ملزم نے پانچ سالہ بچے ضامن کو لیجا کر نہراپرچناب میں پھینک دیا۔فیروز والا پو لیس کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بچے کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیاہے۔بچے کے لا پتہ ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ملزم علی حسن کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو ملزم نے بچے کو راستے سے ہٹانے کیلئے نہر میں پھینکنے کا انکشاف کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گاوں سمندر بھیو میں بیٹے نے ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ خرچہ نہ دینے پر پیش آیاتھا۔ ملزم شفن بھیو نے پسٹل سے فائرنگ کرکے ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔پولیس کی جانب سے مقتولہ حضوراں کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی تھی۔