چور گینگ کا سرغنہ گرفتار، 40 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد

قصور: ( کرائم ڈیسک ) پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے 40 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔ ڈی پی او قصور کی سربراہی میں تھانہ الہ آباد پولیس نے بڑی کارروائی کی، ایس ایچ او نے ٹیم کے ہمراہ موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کیا، ملزم کی شناخت استخار ولد طفیل قوم قریشی سکنہ الہ آباد کے نام سے ہوئی۔

ملزم کے قبضہ سے شہر بھر سے چوری شدہ 40 سے زائد موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، ملزم استخار الہ آباد کے مین بازار، دکانوں، گھروں، شادی ہالز اور سکولز کے باہر سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتا تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش الہ آباد کے گرد و نواح سے 50 سے زائد موٹر سائیکل چوری کرنے کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر ضلع بھر میں موٹر سائیکل چور گینگز اور چوری شدہ موٹر سائیکلز کی برآمدگی کے سلسلہ میں سپیشل مہم جاری ہے۔