فائرنگ کا یہ واقعہ ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں دہشتگردوں نے انسداد دہشتگردی فورس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی
کوئٹہ ( کرائم ڈیسک ) صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر مسلح افراد کے حملے میں انسداد دہشت گردی فورس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے ژوب میں انسداد دہشت گردی فورس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کا یہ واقعہ ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں اے ٹی ایف کا ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ژوب ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخمی مزید 2 اے ٹی ایف اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گئے جس کے بعد حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 3 ہو گئی اور ایک زخمی اہلکارہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے، واقعے کی رپورٹ درج کرکے شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا گیا جب کہ مسلح افراد کے حملے میں شہید اہلکاروں میں سے 2 کی شناخت امیر محمد منگل زئی شیرانی اور شفیق اللہ کے نام سے ہوئی، ژوب حملے شہید ہونے والے تیسرے اہلکار اے ٹی ایف انچارچ گوہر مشتاق تھے، جن کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ لورالائی میں ادا کردی گئی۔
ملوم ہوا ہے کہ نمازجنازہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لورالائی رینج عبدالغفار قیصرانی، ایف سی بلوچستان نارتھ لورالائی کے میجر باسط، ایس ایس پی انٹی ٹیررازم فورس قمر زمان، ایس ایس پی لورالائی محمد ظفر بزدار، زونل کمانڈر بلوچستان کانسٹیبلری لورالائی زون زبیر درانی، پولیس افیسران اور قبائلی عمائدین نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں قومی شاہراہ پر اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا، انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا، محسن نقوی نے کہا کہ دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلی رتبہ پانے والے اہلکاروں کوسلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی لازوال قربانیوں ہمارا فخر ہیں، شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسی طرح وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی ژوب میں اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اے ایس آئی کی شہادت پر اظہار دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سرفراز بگٹی نے شہید اے ایس آئی کے لواحقین سے اظہار افسوس اور تعزیت کی جبکہ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا بھی کی، وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔