کوئٹہ،کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ، 2اہلکارشہید

دھماکے سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا، نیو کچلاک پولیس تھانے کا عملہ معمول کے مطابق گشت کر رہا تھا، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

کوئٹہ ( کرائم ڈیسک ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے،دھماکے سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا، نیو کچلاک پولیس تھانے کا عملہ معمول کے مطابق گشت کر رہا تھا، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جاں بحق کی لاشوں اور زخمی اہلکاروں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزبلوچستان کے ضلع قلات میں قلات میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 8 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا تھاکہ نامعلوم افراد نے دھماکا خیز ڈیوائس سڑک کے کنارے نصب کی تھی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے گزرتے وقت دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 سیکورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے تھے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی لیویز سمیت دیگر سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی تھی جب کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیاتھا۔
یاد رہے اس سے قبل 4 مئی کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی زرین نیو سریاب میں پولیس کی موبائل وین پر حملہ ہوا تھا اور پولیس کی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔پولیس کی جوابی کارروائی پر ایک دہشت گرد فوری مارا گیا تھاجبکہ باقیوں نے ایک گھر میں پناہ لی جن سے پولیس کا بیس منٹ تک مقابلہ چلتا رہاتھا۔بعد ازاں گھر میں پناہ لینے والے دہشت گرد بھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا تھا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے تھانہ نیو سیریاب کی حدود میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کرنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والی پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ محسن نقوی نے کہا تھاکہ کوئٹہ پولیس نے بہادری کےساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایاگیا تھا۔