لاہوریوں کو مضر صحت گوشت کھانے سے بچا لیا گیا، 500 کلو بیمار گوشت تلف، ملزم گرفتار

فوڈ سیفٹی ٹیموں کا ٹاؤن شپ میں چھاپہ، مسافر گاڑی میں چھپا کرلائے جانیوالا بیمار جانور کا ایکسپائر گوشت پکڑلیا گیا

لاہور( کرائم ڈیسک ) لاہوریوں کو مضر صحت گوشت کھانے سے بچا لیا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بروقت ایکشن، 500 کلو مضر صحت بیمار گوشت تلف کرکے مقدمہ درج کرواکر ملزم کو گرفتار کروادیا گیا۔ جاری تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے خفیہ اطلاع ملنے پر ٹاؤن شپ میں مسافر گاڑی میں چھاپہ مارتے ہوئے بیمار جانور کا ایکسپائر بدبودار گوشت برآمد کرلیا۔
گاڑی نمبرLET 2061 میں سے مسافر سیٹ نکال کر گوشت رکھا گیا تھا۔ انتہائی ناقص گوشت سپلائی کرنے والا ملزم موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔ تعفن زدہ سبز رنگ کے بیمار گوشت کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق مضر صحت ایکسپائر گوشت کا خوراک میں استعمال موذی امراض میں مبتلا کرسکتا ہے۔
پنجاب بھر میں گوشت اور دودھ سپلائی کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔

غیر معیاری خوراک کا کاروبار کرنے والا مافیا کے خاتمے کے لیے سخت سزاوں کے قوانین لارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر معیاری گوشت کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ شہری اپنے ارد گرد ایسے تمام جعلساز عناصر کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔مزید برآں گزشتہ دنوں معروف برانڈز کی جعلی مصالحے، پتی پیک کرنے والا مافیا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آگئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن صحت مند پنجاب مشن کے تحت صحت دشمن عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ٹرانسفارمر چوک شاہ عالم مارکیٹ میں جعلی مصالحے، پتی پیک کرنے والا یونٹ پر چھاپہ مارا اور تنگ گلیوں کے راستے سے اندرون مارکیٹ میں واقع چاپان پلازے کی پانچویں منزل پر جعلی مصالحے،پتی پیک کرنے والا یونٹ پکڑا۔ تفصیلات کے مطابق معروف برانڈ زکی پیکنگ میں 3700 کلو جعلی مصالحہ جات(چاٹ مصالحہ، قورمہ مصالحہ، کڑاہی مصالحہ)، 2874 کلو جعلی پتی، 3200 کلو کھیر مکس اور 1100 کلوکھلا مصالحہ، 290 کلو مختلف معروف برانڈز کا جعلی پیکنگ میٹریل ضبط کر لیے گئے۔