کھابوں کے شوقین لاہوریوں کیلئے تشویشناک خبر، فوڈ اتھارٹی کا معروف چیزپروسیسنگ یونٹ پرچھاپہ

10ہزارکلو ایکسپائرناقص ویجیٹیبل فیٹ، 5710 کلو ایکسپائر چیز پکڑا گیا، موزریلا چیز میں کیمیکلز کی ملاوٹ سے دوبارہ چیز تیار کیا جا رہا تھا، پروڈکشن یونٹ کو 10لاکھ جرمانہ عائد، مقدمہ درج، ڈی جی فوڈ اتھارٹی

لاہور ( کرائم ڈیسک ) کھابوں کے شوقین لاہوریوں کی صحت کا تحفظ کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے اسی سلسلہ میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شیخوپورہ روڈ پر واقع معروف چیز پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مارا اور کارروائی کے دوران 10ہزار کلو ایکسپائر ناقص ویجیٹیبل فیٹ (چکنائی) 6350 کلو زائد المیعاد پاؤڈر اور 5710 کلو ایکسپائر چیز تلف کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پروڈکشن یونٹ کو 10لاکھ جرمانہ عائد کر کے مقدمہ درج کروایا گیا اور ضبط شدہ خام مال اور تیار چیز تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ایکسپائر فنگس زدہ موزریلا چیز میں کیمیکلز کی ملاوٹ سے دوبارہ چیز تیار کیا جا رہا تھا اور ایکسپائر پاؤڈر،انتہائی ناقص فیٹس سے ٹی وائٹنر اور ملک پاؤڈر بھی تیار کیا جا رہا تھا۔
ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا تھا فنگس سے بھرپور چیز کو کولڈ سٹورمیں زمین پر بغیر پیکنگ اور ڈھانپے رکھا پایا گیا۔کولڈ سٹور سے برآمد ہونے والی چیز بھی گندی بدبودار ایکسپائر نکلی۔ زنگ آلود ڈرموں میں رکھے کیمیکلز بھی ایکسپائر، سٹوریج کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا ناقص چیز اور ٹی وائٹنر کو دلکش پیکنگ لگا کر مارکیٹ اور فوڈ پوائنٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔
یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا کر تیار اور خام مال تلف کر دیا گیا۔ایکسپائر اور فنگس لگی اشیاء خورونوش کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے، ملاوٹ مافیا کے خاتمے کیلئے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ لاہور اور پنجاب بھر میں صحت دشمن عناصر کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہیں۔ شہری گھر میں تیار خوراک کو ترجیح دیں، مارکیٹ سے خریدے جانے والی اشیاء کی جانچ کو یقینی بنائیں۔خوراک کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔