اسلام آباد پولیس کے بھیس میں جعلسازوں نے طالب علم سے لاکھوں کی کرنسی ہتھیالی

5 افراد میں سے 2 نے خود کو پولیس اہلکار اور ایک نے فوجی ظاہر کیا۔ متاثرہ طالب علم کا پولیس کو بیان

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کے بھیس میں جعلسازوں نے طالب علم سے لاکھوں روپے کی کرنسی ہتھیالی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے علاقہ ایف 10 میں پولیس کے روپ میں لُٹیرے طالب علم سے 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی غیرملکی کرنسی لے اُڑے جس کا مقدمہ تھانہ شالیمار میں درج کیا گیا، جہاں متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ پاکستانی کرنسی کو یورو میں تبدیل کروا کر منی ایکسچینج سے نکلا تو 5 نامعلوم افراد ملے، ان میں سے 2 نے خود کو پولیس اہل کار اور ایک نے فوجی ظاہر کیا، پانچوں نے مجھ سے دھوکے بازی سے غیر ملکی کرنسی لی اور میرا شناختی کارڈ، اے ٹی ایم اور 3 موبائل فون بھی چھین لیے۔