کراچی میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ، 70 افراد زخمی

ہوائی فائرنگ میں ملوث پولیس افسر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا

کراچی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 70 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد زخمی ہوگئے، ہوائی فائرنگ میں ملوث پولیس افسر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ پولیس کی جانب سے یہ کارروائیاں ضلع کیماڑی، سٹی اور ایسٹ تھانوں کی حدود میں کی گئیں، اس دوران حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں سی ٹی ڈی افسر اے ایس آئی دانیال، محمد واجد، عبد اللہ، انس، بلال رضا، عبدالرحمان، حارث، شاہ زیب، محمد رفیق، محمد عادل، شعبان اور حارث اقبال شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا اور مقدمات درج کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی۔