فوڈسیفٹی ٹیموں کا معروف آئسکریم فیکٹری پر چھاپہ، 975 کلو ایکسپائر ملک پاؤڈر، 893 کلو ایکسپائر سٹابری، ونیلا فلیورز اور 355 کلو کوکا پاؤڈر تلف، 5 لاکھ جرمانہ عائد کردیا گیا
لاہور ( کرائم ڈیسک ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کی پسندیدہ معروف آئسکریم میں ایکسپائر خام مال کا استعمال پکڑ لیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم منیر نے کہا کہ آئسکریم کی تیاری میں زائدالمیعاد سٹابری اور ونیلا فلیورز کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بچوں کی پسندیدہ معروف آئسکریم میں ایکسپائر خام مال کا استعمال کرنے پر پنجاب فوڈاتھارٹی ان ایکشن ہے۔
ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈسیفٹی ٹیموں نے46 کلومیٹر ملتان روڈ پر واقع معروف آئسکریم فیکٹری پر چھاپہ مارتے ہوئے 975 کلو ایکسپائر ملک پاؤڈر، 893 کلو ایکسپائر سٹابری، ونیلا فلیورز اور 355 کلو کوکا پاؤڈر تلف کرکے 5 لاکھ جرمانہ عائد کردیا گیا۔ جاری تفصیلات کے مطابق ایکسپائر خام مال برآمد ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
میکسنگ ایریا میں زنگ اور فنگس زدہ دیواریں، ٹوٹے گندے فرش پر کھڑا گندا پانی موجود پایا گیا۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ یونٹ میں موجود آٹومیٹک میشنوں کی انتہائی ضروری سروس کیے بغیر خراب سیٹنگ کے ساتھ ہی استعمال کیا جا رہا تھا، معروف برانڈ کی فیکٹری سے ایکسپائر خام مال برآمد ہونا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی خوراک میں زائد المیعاد خام مال کا استعمال صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے، پنجاب فوڈاتھارٹی ہر چھوٹے بڑے فوڈ بزنس پر قوانین کا نفاذ یکساں طور پر کرواتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر خوراک کی تیاری میں جعلسازی یا غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، شہری اشیاء کی خرید سے قبل لیبل پڑھنے کی عادت اپنائیں۔ خوراک کی تیاری سے ترسیل تک کڑی نگرانی جاری، شہری شکایات کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔