بکریاں کھیتوں میں جانے پر بااثر زمیندار نے گولیاں مار کر بچے کی جان لے لی

ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بچے کی لاش حیدرآباد ٹنڈو محمد خان روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا

حیدرآباد ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں بکریاں کھیتوں میں جانے پر بااثر زمیندار نے گولیاں مار کر بچے کی جان لے لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ حیدرآباد کے علاقے سیری میں پیش آیا جہاں ایک بااثر زمیندار نے بکریاں کھیت میں داخل ہونے پر کمسن بچے طاہرملاح پر گولیاں برسا کر اس کو قتل کر دیا، جس کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بچے کی لاش حیدرآباد ٹنڈو محمد خان روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی تو احتجاج ختم کر دیا گیا جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے زمیندار کے ملازم کو گرفتار کرلیا تاہم مرکزی ملزم اور با اثر زمیندار زبیر پٹھان فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایس ایس پی حیدرآباد نے بتایا کہ زمیندار کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزم کی تلاش جاری ہے اور جلد ہی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کی دادی نے بتایا کہ میرا پوتا کھیل رہا تھا کہ اس دوران کھیلتے ہوئے ہی زمیندار نے بچے کو گولی ماری،حالاں کہ بچہ کھیت میں نہیں گیا تھا بلکہ وہ ایک طرف کھیل رہا تھا، پھر بھی پتہ نہیں کیوں بے گناہ بچے کو گولی ماردی گئی ،زمیندار نے گولی ماری اور ساتھ ہی وہاں سے فرار ہو گیا ، ہماری تو کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں ہے پھر بھی ہم غریبوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔